مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر معظم انقلاب آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای نے حضرت آیت اللہ العظمی وحید خراسانی کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے انہیں حوزہ علمیہ میں علم فقہ و اصول کے بنیادی ستونوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانی گزشتہ کئی دہائیوں سے حوزہ علمیہ کے اہم ترین علمی و تدریسی حلقوں میں شمار ہوتے تھے۔ ان کے روزانہ منعقد ہونے والے دو دروس فقہ و اصول کے نمایاں ترین دروس میں شامل تھے۔ ان دروس میں ان کی اپنی تحقیقی کاوشوں کے ساتھ ساتھ نجف اشرف کے حوزہ علمیہ کے گزشتہ ادوار کے ممتاز علماء کی آراء پر گہری توجہ، ان سے علمی استفادہ اور ان پر مکمل عبور نمایاں طور پر دکھائی دیتا تھا۔ ان کا یہ علمی انداز، منظم اور مضبوط طرزِ بیان کے ساتھ مل کر ہر درس کو طلباء اور اہل علم کے لیے ایک قیمتی علمی موقع بنا دیتا تھا۔
آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے مزید کہا کہ آج حوزہ علمیہ قم اور ملک کے دیگر حوزات کے بڑی تعداد میں اساتذہ، فضلاء اور مختلف شہروں کے علماء اپنے علمی کیریئر میں آیت اللہ وحید خراسانی کے درس میں شرکت کو باعث افتخار سمجھتے ہیں۔ سبھی ان کے کلام اور طرزِ عمل میں اہل بیت اطہارؑ سے خالص اور نمایاں وابستگی کو تحسین کی نگاہ سے یاد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شریعت اور مذہب کی خدمت میں مسلسل اور طویل جدوجہد کے باعث آیت اللہ وحید خراسانی کا اہل ایمان اور حوزہ ہائے علمیہ پر عظیم حق ہے، جسے سب کو یاد رکھنا اور ان کی خدمات کا شکر گزار ہونا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب نے اپنے پیغام کے اختتام پر اس عظیم سانحے پر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، حوزہ ہائے علمیہ، تمام اہل ایمان اور بالخصوص مرحوم کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور اللہ تعالیٰ سے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
آپ کا تبصرہ